مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ عوام کے آئینی حقوق پر اب کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے، علی امین گنڈا پور اسلام آباد پر یلغار کا شوق پورا کر لیں، وزیر اعظم اعلان کریں تو آپ اسلام آباد میں داخل تک نہیں ہو سکتے۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد پر یلغار کی بات کرتے ہیں، انہیں پیغام دیتا ہوں کہ اگر ان کے حقوق ہیں تو اسلام آباد کے شہریوں کے بھی حقوق ہیں۔
انہوں نے علی امین گنڈا پور خود کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کہتے ہیں اور اسلام آباد پر یلغار کی بات کرتے ہیں، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنا شوق پورا کر کے دیکھ لیں، اگر وزیراعظم نے اعلان کر دیا تو آپ اسلام آباد میں داخل تک نہیں ہو سکتے۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کس احتجاج کی بات کرتے ہیں، اگر وہ اسلام آباد میں آ کر احتجاج کرتے ہیں تو پھر ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہاں اسلام آباد کے رہائشیوں کے بھی آئینی حقوق ہیں اور ان کے حقوق کو بھی تحفظ ملے گا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا سب کا بنیادی حق ہے، ہم یہ حق کسی سے نہیں چھیننا چاہتے لیکن اگر کوئی احتجاج کا یہ حق محفوظ رکھتا ہے تو پھر میرے اسلام آباد کے رہنے والوں کے بھی حقوق ہیں، علی امین گنڈا پور سے کہتا ہوں کہ اسلام آباد کے لوگوں کے آئینی حقوق پر ڈاکا مارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
طارق فضل چوہدری نے علی امین گنڈا پور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے گورنر خیبرپختونخوا پر کے پی ہاؤس میں داخلے پر پابندی لگائی اور اگر وزیراعظم آج اعلان کریں تو آپ اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکتے لیکن ہم اس طرح کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم کہتے ہیں اس نظام کو آگے چلنا چاہیے۔
طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ ملک کے اداروں کے خلاف گالم گلوچ والا کلچر اب ختم ہو جانا چاہیے۔ مسلم لیگ ن ملک میں نظام کو چلانا چاہتی ہے اس لیے ہماری طرف سے مذاکرات کی بات کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔