رواں مالی سال کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک اور ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، 10 ماہ میں چین کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 2.141 ارب ڈالر رہا ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.46 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو برآمدات سے ملک کو 1.524 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
مزید پڑھیں
رپورٹ کے مطابق اپریل 2024 میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 246.03 ملین ڈالر رہا، جو گزشتہ سال مارچ میں 169.02 ملین ڈالر اور اپریل میں 189.95 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں چین کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 2.025 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں چین سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 19.50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں چین سے درآمدات پر 9.256 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7.745 ارب ڈالر تھا۔
رواں سال اپریل میں چین سے درآمدات کا حجم 1.162 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 1.135 ارب ڈالر تھا، گزشتہ سال اپریل میں 680.05 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں چین سے درآمدات کا حجم 9.662 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔