’جلد پاکستان آنے کی امید کرتا ہوں‘، ویرات کوہلی کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی جن کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے، ان کے مداح نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں موجود ہیں جو چاہتے ہیں وہ پاکستان آ کر کرکٹ کھیلیں۔

اس حوالے سے ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے دُنیا کے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ جلد پاکستان آنے کی امید کرتے ہیں کیونکہ اب تمام لوگ پاکستان کا وزٹ کرنے لگ گئے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کے اس پر مختلف تبصرے شروع ہو گئے،کسی نے اسے فیک کال قرار دیا تو کسی نے تصدیق چاہی کہ کیا یہ واقعی ویرات کوہلی کی آواز ہے۔ سپورٹس جرنلسٹ فرید خان لکھتے ہیں کہ ویرات کوہلی نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان آ کر کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پڑوسیو، اب آ کرکٹ کھیلنے پاکستان آ جاؤ اب تو ویرات کوہلی نے بھی شہروز کاشف کے ساتھ ویڈیو کال پر کہہ دیا ہے کہ وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں۔

ایک بھارتی صارف نے ویرات کوہلی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے پاکستان جانا ہے تو جائیں لیکن پھر واپس بھارت مت آنا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آپ کو پاکستان جانے ہی نہیں دیں گے اور اگر آپ گئے تو آپ کو واپس بھارت نہیں آنے دیں گے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ کوہ پیما شہروز کاشف نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے 2022 میں ویرات کوہلی کے ساتھ پاکستان کے دورے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی آواز نہیں ہے بلکہ اسے ڈب کیا گیا ہے۔

 

واضح رہے کہ ویرات کوہلی کے ساتھ کال پر بات کرنے ویڈیو شہروز کاشف نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لگائی ہے ان کا کہنا تھا کہ چند لوگوں کا خیال ہے کہ یہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ یہ 2022 کی ویڈیو ہے جسے شہروز کاشف کی جانب سے اب شیئر کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp