وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ پر سیکیورٹی اخراجات کی تفصیل فراہم کی جائے، تحریک انصاف

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی کے نام پر کروڑوں کے اخراجات کی مبینہ کوششوں کے پس منظر میں تحریک انصاف نے پنجاب کی صوبائی حکومت سے اس ضمن میں اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے عوام مہنگائی، بے روزگاری اور وسائل کی شدید قلّت کے بوجھ تلے سسک رہے ہیں، پہلے 36.4 کروڑ روپے جاتی امرا کی سیکیورٹی پر اڑائے گئے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت 14.9 کروڑ روپے اڑانے کی تیاریوں میں ہے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب کی نوکر شاہی میں حکومتی خاندان کے حامی خزانے کو فارم 47 زدہ ٹک ٹاکر کے نخروں پر اڑا رہی ہے، اس سے قبل اسی خاندان کے 2 وزراء اعلیٰ صوبائی خزانے کو خاندانی میراث سمجھ کر اڑاتے رہے۔

’عمران خان وزیراعظم تھے تو اپنی ذاتی رہائشگاہ میں مقیم رہے اور بنی گالہ کی سیکیورٹی کے تمام اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے، پنجاب کی نوکر شاہی شرم و حیا کا مظاہرہ کرے اور عوام کا پیسہ مینڈیٹ چور کی مرضی سے برباد کرنے سے باز آئے۔‘

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت یہ معاملہ ایوان میں اٹھائے گی اور خزانے کی بربادی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp