ن لیگ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم چوری شدہ مینڈیٹ واپس کریں تو بات چیت کے لیے تیار ہیں، تحریک انصاف

ہفتہ 18 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کریں تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہاکہ نواز شریف نے اب نئی کہانی شروع کردی ہے، عمران خان کے حوالے سے آج جو باتیں کی ہیں اس سے قبل کیوں نہ کیں۔

انہوں نے کہاکہ 2013 کے الیکشن میں 35 پنکچر لگے تھے اور اس سے پی ٹی آئی کی سیٹیں کم کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے آج لاہور میں مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہاکہ 2014 میں عمران خان نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا۔

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے بعد بنی گالا میں عمران خان کے گھر گیا اور ان کو بتایا کہ 35 پنکچر والی بات میں کوئی صداقت نہیں، اس لیے آئیں ملکی ترقی کے لیے ہمارے ساتھ مل کر چلیں۔

قائد ن لیگ نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرائی اور پھر دھرنے شروع کردیے، 2014 کے دھرنے کا منصوبہ لندن میں بنایا گیا تھا۔

سینیئر رہنما تحریک انصاف رؤف حسن نے کہاکہ اس وقت تحریک انصاف میں کوئی متضاد موقف نہیں، اسٹیریٹجی کے مطابق چلتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کررہے ہیں، 6 جماعتوں کے ساتھ ہمارا اتحاد ہے جبکہ دیگر سیاسی پارٹیاں بھی شامل ہوں گی۔

رؤف حسن نے کہاکہ وفاق نے خیبر پختونخوا میں بجلی کے مسائل پیدا کیے ہیں، صوبے کے واجبات فوری ادا کیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp