صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کی ایرانی صدر کے لیے سلامتی کی دعا

اتوار 19 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ عبداللہیان کی سلامتی کے لیے دعا کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر سن کر گہری تشویش ہوئی ہے جس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر سوار تھے۔ میری دلی دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی کی سلامتی اور تندرستی کے لیے ہیں، دعا ہے کہ وہ سلامت رہیں تاکہ ایرانی قوم کی خدمت جاری رکھ سکیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران کی جانب سے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے پریشان کن خبر سنی، بڑی بے چینی کے ساتھ اچھی خبر کا انتظار کر رہے ہیں کہ سب ٹھیک ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر شدید دھند میں پہاڑی علاقوں کو عبور کرتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا۔

 مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر ورزقان کے علاقے میں لینڈنگ کے وقت اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب صدر رئیسی آذربائیجان کے ساتھ ایران کی سرحد پر ایک ڈیم کے افتتاح کے بعد تقریب سے واپس آ رہے تھے۔

ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری نظر ہے، امریکا

ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی اطلاعات کے فوری بعد سامنے آنے والی رپورٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اس وقت ملک کی باگ ڈور سنبھالی جب خلیجی ملک ایک گہرے سماجی اور معاشی بحران کی لپیٹ میں تھا ۔

عراق کی ایران کو ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد کی پیشکش

ایران کے ہمسایہ ملک عراق نے بھی حادثے کے مقام کی تلاش اور ریسکیو کی کوششوں میں ایران کو اپنی مدد فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔

عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے ایک بیان میں کہا کہ عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی نے وزارت داخلہ، عراقی ہلال احمر اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کو ایرانی صدر کے طیارے کی تلاش میں مدد کے لیے دستیاب وسائل فراہم کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp