وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وقت لگے گا لیکن پی ٹی آئی سیاسی قوتوں سے بات کرنے پر راضی ہوجائی گی۔ ابھی ان کے ساتھ ایک مسئلہ چل رہا ہے ایک طرف تو وہ تنقید کرتے ہیں اور دوسری طرف کہتے ہیں بات اسٹبلشمنٹ سے ہی کرنی ہے۔
مزید پڑھیں
وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مسلم لیگ ن کی طرح میچور جماعت نہیں ہے۔ شیر افضل مروت مجھ سے ملنے آئے تو پی ٹی آئی والے ان سے ناراض ہو گئے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے ادارے مضبوط ہونے چاہییں، جمہوری معاشرے میں یہ سلسلے چلتے رہتے ہیں، ادارے اور سسٹم چیک ہوتے رہنے چاہییں، اس سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پارلیمنٹیرین کا احتساب ہورہا ہے، یہ بہت اچھی بات ہے کہ ان کا احتساب ہورہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں جو بھی غیر قانونی عمل کرے اس کا احتساب ہونا چاہیے، چاہے وہ پارلیمنٹیرین ہے یا نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بیان میں تضاد سب کے سامنے ہے، ایک دن کچھ اور کہتے ہیں اور اگلے دن کچھ اور، اسپیکر کے چیمبر میں جائیں تو پتا چلے، 20 میں سے 14 بندے پی ٹی آئی کے بیٹھے ہوتے ہیں۔
خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کو غیر سنجیدہ سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو یہ تنقید کرتے ہیں اور دوسری طرف کہتے ہیں انہی سے بات کرنی ہے، مسلم لیگ ن کی طرح میچور جماعت بننے میں ان کو ابھی وقت لگے گا۔