انسان کی زندگی میں کچھ معاملات ایسے ہوتے ہیں جو اس کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں جن میں سے ایک شادی بھی ہے۔ آدمی نہ صرف اس دن کے لیے پرجوش ہوتا ہے بلکہ اس کے لیے خوب تیاریاں بھی کرتا ہے تاکہ ان لمحات کو یادگار بنایا جاسکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دلہن شادی کے منڈپ میں اپنے دولہا کا انتظار ہی کرتی رہ گئی لیکن وہ وہاں آیا ہی نہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ بہار کے علاقے سلطان گنج کے اس ہونے والے دولہا نے شادی کی خوشی میں اتنی شراب پی لی کہ وہ تقریب میں آنا ہی بھول گیا۔
دلہن اور اس کے اہل خانہ اس کا انتظار کرتے رہے لیکن وہ نہیں آیا تاہم دولہے پر سے جب شراب کا نشہ اترا تو وہ دلہن کے گھر پہنچا مگر دلہن نے شادی سے انکار کر دیا۔
اپنے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے دلہن کا کہنا تھا کہ وہ زندگی ایسے شخص کے ساتھ نہیں گزار سکتی جو اپنی ذمہ داریوں کو نہ سمجھتا ہو۔
علاوہ ازیں دلہن کے اہل خانہ نے دولہا والوں سے شادی کے انتظامات پر خرچ ہونے والی رقم ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔