علی باقری کنی ایران کے عبوری وزیر خارجہ مقرر

پیر 20 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی وفات کے بعد ان کے نائب علی باقری کنی کو عبوری وزیر خارجہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر نے اول نائب صدر محمد مخبر کو ملک کا عبوری صدر بنانے کی منظوری دی تھی۔

ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جاہرومی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ کی شہادت کے بعد سینیئر ایرانی سفارت کار کو اس کردار کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اتوار کو شمال مغربی صوبے مشرقی آذربائیجان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

حادثے میں مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی، تبریز شہر کے نماز جمعہ کے امام سید محمد علی الہاشم اور صدر کی محافظ ٹیم کے رکن مہدی موسوی، ہیلی کاپٹر پائلٹ، کو پائلٹ اور عملے کے دیگر افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ وفد آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے ساتھ دریائے آراس پر ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔

ایران میں 5 روزہ سوگ کا اعلان

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ عبداللہیان اور مشرقی آذربائجان کے گورنر کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ابراہیم رئیسی کی شہادت کی خبر سننے کو ملی۔ یہ ناگوار حادثہ خدمت رسانی کے دوران پیش آیا۔ اس بزرگ اور فداکار انسان نے اپنی صدارت کے مختصر عرصے کے دوران اور اس سے پہلے عوام، ملک اور اسلام کی مسلسل خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس تلخ حادثے میں ایرانی قوم نے ایک مخلص خادم کو کھودیا ہے، ان کے نزدیک عوام کی خدمت اور خوشحالی اولین ترجیح تھی اسی لیے بدخواہوں کے طعنے اور ناشکری ان کی شب و روز کوشش کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکی۔

آیت اللہ خامنہ ای نے صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر ملک میں 5 دن کے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق محمد مخبر عبوری صدر بنیں گے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ مقننہ اور عدلیہ کے سربراہان کے ساتھ مل کر 50 دن کے اندر نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے حکمت عملی تشکیل دیں۔

انہوں نے صدر رئیسی کی والدہ، شریک حیات اور دیگر لواحقین اور ان کے ہمراہ شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومین کے لیے دعا کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp