’اگر بھارت ورلڈ کپ نہیں جیت سکتا تو پھر پاکستان کو جیتنا چاہیے‘، انڈین کمنٹیٹر کا کلپ وائرل

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیسٹ کرکٹ ہو، ٹی20 ہو یا پھر ون ڈے، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ہمیشہ ہی توجہ کا مرکز ہوتی ہیں اور سب کو اس بات کا انتظار ہوتا ہے کہ کب یہ دونوں ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی اور اسی وجہ سے ان دونوں کو روایتی حریف بھی قرار دیا جاتا ہے اور دونوں ممالک کے رہنے والوں کی خواہش ہوتی کہ ان کی ٹیم ہی یہ میچ جیتے۔

مگر 1999 کے ورلڈ کپ کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہے جس میں بھارت اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہیں اور کھیل کے دوران انڈین کمنٹیٹر سنیل گواسکر کہتے ہیں اگر بھارت ورلڈ کپ نہیں جیت سکتا تو ایسی صورت میں بھارتی شائقین کو دعا کرنی چاہیے کہ پاکستان ورلڈ کپ جیت جائے۔

ویڈیو کلپ وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ تصور کریں کہ اگر سنیل گواسکر دورِ حاضر میں ایسی کمنٹری کرتے ہوئے کہتے کہ ’بھارت نہیں جیت سکتا تو پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنا چاہیے‘ تو انہیں صلیب پر چڑھا دیا جاتا۔

ابھیجیت نامی صارف لکھتے ہیں کہ سنیل گواسکر ہمیشہ پاکستان کے لیے نرم گوشہ رکھتے تھے اور اس وقت انہوں نے اپنی خواہش کا کھلم کھلا اظہار کیا حالانکہ اس وقت کارگل جنگ ہوئی تھی لیکن اب وہ پاکستان کے لیے ایسی خواہش کا اظہار نہیں کرسکتے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ایسی کمنٹری کارگل وار کے زمانے میں کی گئی۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ ’ہندوستانی شائقین دعا کریں کہ پاکستان جیت جائے‘۔ سنیل گواسکر نے اس وقت یہ الفاظ بولے جب کارگل جنگ چل رہی تھی لیکن حیرت ہے کہ کسی نے انہیں ایسے الفاظ بولنے پر ہدف کا نشانہ نہیں بنایا۔

بھارتی صارف ادیتیا لکھتے ہیں کہ ایسا وقت بھی تھا جب کرکٹ کو کھیل کے طور پر دیکھا جاتا تھا اور سیاسی معاملات کے ساتھ نہیں جوڑا جاتا تھا۔

خیال رہے 1999 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف فائنل میچ میں 132 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp