ڈالرز سے پسینہ صاف کرنا اعظم خان کو مہنگا پڑگیا

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کی ڈالر سے پسینہ صاف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اعظم خان کے ہاتھ میں غیر ملکی کرنسی (ڈالر) ہے اور اس دوران بابر اعظم جو ویڈیو میں بظاہر نظر نہیں آرہے، ان سے مذاق کرتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ ’ابّا کیا ہوا ہے، گرمی ہے؟‘

جس پر اعظم خان غیر ملکی کرنسی سے چہرہ اور ماتھا صاف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بہت زیادہ گرمی وسیم بھائی۔ اس پر سب ہی کرکٹر زوردار قہقہہ لگاتے ہیں۔

ویڈیو پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی جارہی ہے۔ ایک صارف نے پاکستانی کرکٹرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لوگ گرمی سے مر رہے ہیں اور یہ لوگ برطانیہ میں بیٹھ کر غریب پاکستانیوں کا مذاق اڑاتے ہوئے پیسوں سے پسینہ صاف کررہے ہیں، صارف نے بابر اعظم کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 5 سال کپتان رہنے کے بعد بھی وہ نہیں جانتے کہ کیسا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

ایک صارف نے اعظم خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم میں ہی کیوں لیا گیا ہے؟ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اعظم خان پاکستان اور پی سی بی میں اقربا پروری کی واضح مثال ہیں۔

احمد لکھتے ہیں کہ اعظم خان کی پاکستانی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں بنتی، ان کو کرکٹر کے بجائے فوڈ وی لاگر ہونا چاہیے تھا۔

جہاں کئی صارفین ان پر تنقید کر رہے تھے وہیں چند صارفین کرکٹرز کے حق میں بھی سامنے آئے۔ احمر نجیب ستی نے تنقید کرنے والے صارفین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو ہر چیز میں مسئلہ ہے، جو دل میں آئے وہ کہہ دیتے ہیں کرکٹرز اپنا انجوائے کر رہے ہیں اور اسے غریب عوام سے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہاں ہر بندہ خود جج بن جاتا ہے، انہوں نے درخواست کی کہ  خدارا نان ایشوز کو ایشو نہ بنایا جائے۔

کرن بتول لکھتی ہیں کہ کیا آپ اپنے دوستوں کے ساتھ مذاق نہیں کرتے؟ اگر کرکٹرز اپنی خوشی مداحوں کے ساتھ بانٹ رہے ہیں تو اس میں بڑی بات کیا ہے؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp