رواں مالی سال 3.5 فیصد معاشی ترقی کا ہدف پورا نہ ہوسکا، نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے عبوری اعداد و شمار کی منظوری دیدی

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں مالی سال معاشی ترقی کا 3.5 فیصد کا ہدف پورا نہ ہوسکا، معاشی ترقی کی رفتار 2.38 فیصد رہے گی۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں شرح نمو 2.71 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 1.79 فیصد اور تیسری سہ ماہی میں 2.09 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے عبوری اعداد و شمار کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے عبوری اعداد و شمار کی منظوری اپنے اجلاس میں دی، جس کی صدارت سیکریٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا نے کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی جی ڈی پی کا حجم 36 ارب 70 کروڑ ڈالر بڑھ کر 374 ارب 90 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔

اجلاس میں موجودہ مالی سال میں معاشی، صنعت، زراعت اور سروسز سیکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کا شرح نمو 2 فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ تھا، اسٹیٹ بینک نے معاشی ترقی کا تخمینہ 2 سے 3 فیصد لگا رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق زرعی شعبے کی گروتھ 6.25، سروسز سیکٹر کی گروتھ 1.21 اور صعنتی شعبے کی گروتھ بھی 1.21 فیصد رہی۔

کمیٹی کے مطابق زرعی شعبے کی ترقی 6 اعشاریہ 25 فیصد، صنعتی شعبے کی ترقی ایک اعشاریہ 21 فیصد، گندم کی فصل 11 اعشاریہ 64 فیصد اضافے سے 28 اعشاریہ 16 ملین رہی، کپاس کی فصل 108 فیصد اضافے سے 10 اعشاریہ 22 ملین بیلز رہی۔

چاول کی پیداوار 34 اعشاریہ 78 فیصد اضافے سے 98 لاکھ 70 ہزار ٹن رہی جبکہ مکئی کی پیداوار 10 اعشاریہ 3 فیصد کمی سے 98 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی۔ گندم، کپاس اور چاول کی بمپر پیداوار ریکارڈ کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp