وفاقی کابینہ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان صدر ابراہیم رئیسی کے پاک ایران تعلقات کی مضبوطی اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے وژن کو جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قرارداد منظور کی گئی۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک حادثے میں شہادت پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی ہمدردیاں ان کے لواحقین اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام ایرانی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، صدر ابراہیم رئیسی ایک جید عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھودیا، ان کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کا دورہ کیا، یہ دورہ پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا، ان کے دورہ پاکستان کے دوران ان کے پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے شاندار لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
’ہم سب اس عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں کہ مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے پاک ایران تعلقات کی مضبوطی اور فروغ کے وژن کو جاری و ساری رکھیں گے، وفاقی کابینہ ان کے پاک ایران تعلقات اور خطے کے حوالے سے ان کی شاندار خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔‘