پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مجھے پکڑوانے اور جو زیادتیاں ہوئیں اس میں سب سے زیادہ کردار محسن نقوی کا رہا، عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور رہوں گا۔
رہائی کے بعد جاری کردہ اپنے پہلے بیان میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہاکہ اللہ پاک کا بہت شکر ہے کہ مجھے سرخرو کیا، اور حوصلہ دیا کہ میں ثابت قدم رہوں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ میں ان ججوں کا مشکور ہوں جنہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا اور مجھے رہائی ملی، اس کے علاوہ ان سب لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ گجرات کے لوگوں کو بہت زیادتیاں اور ظلم سہنا پڑا، گجرات میں ہمارا مینڈیٹ تک چرایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ چوہدری شجاعت کے بچوں سے اس وقت تک کوئی بات نہیں ہو گی جب تک ہمارا مینڈیٹ واپس نہیں ہوگا۔
پرویز الٰہی نے کہاکہ گجرات میں جن لوگوں کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں وہ جب تک معاف نہیں کریں گے تب تک ان سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد پرویز الٰہی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔