اردن میں پہلی اسمارٹ مسجد کا افتتاح، کیا کیا سہولیات ہیں؟

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اردن کے دارالحکومت عمان میں جمخانے پر مشتمل اسمارٹ سسٹم کی حامل پہلی مسجد ’مکیہ خامس‘ کا افتتاح ہوگیا ہے۔

اردن کے وزیر اوقاف محمد الخلیلہ نے عمان میں اسمارٹ مسجد کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’مساجد کی خدمت کے لیے اسمارٹ سسٹم کا تجربہ مملکت کی تمام مساجد میں کیا جائے گا، یہ عمل مملکت کو جدید بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔‘

محمد الخلیلہ نے کہا کہ مسجدوں کی خدمت کے لیے اسمارٹ سسٹم پائیدار معاشرے کے لیے اہم منصوبہ ہے، یہ اسمارٹ سسٹم مسجد میں خود کار طریقے سے الرٹ جاری کرے گا، یہ سسٹم اخراجات کم کرنے سمیت مسجد کے تمام امور کو کنٹرول کرے گا۔

وزیراوقاف نے نشاندہی کی کہ یہ سسٹم مسجد میں اذان کے وقت کو ایڈجسٹ اور وقت کے فرق کو مدنظر رکھے گا، روشنی اور ایئر کنڈیشنگ سسٹم کی کارکردگی کو کنٹرول اور مسجد کے الیکٹرانک دروازوں کو کھولنے اور بند کرنے کا کام بھی یہ اسمارٹ سسٹم کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مسجد کے فن تعمیر کو 2 اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا حصہ فزیکل آرکیٹیکچر ہے، پہلے حصے میں مسجد کی تعمیر، دیکھ بھال اور بحالی ہے، دوسرا حصہ مادی فن تعمیر ہے جس کی بنیاد قرآن پاک کی تلاوت، اذان، نماز ، دعا اور ذکر ہیں۔

مسجد کے اندر ایک جمخانہ اور خواتین کے لیے الگ عبادت گاہ

اردنی حکومت کے مشیر برائے ترقی اور جدت طرازی کے امور مراد نواف الرفاعی نے مسجد کی تعمیر کے مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مجسد کی تعمیر کے آئیڈیا سے لے کر اس کے نفاذ اور اس کے نتائج کے ظہور تک یہ منصوبہ کئی مراحل پرمشتمل تھا۔

 

مراد نواف الرفاعی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں بہت سی سہولیات موجود ہیں، مسجد میں خواتین کے لیے الگ عبادت گاہ، ایک جم خانہ اور قرآن پاک کی تلاوت کرنے اور قرآن پاک رکھنے کے لیے ایک گھر بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل مسجد جدید ٹیکنالوجی اور جدید سافٹ ویئر کے ذریعے آلات کے ایک مربوط نظام کو استعمال کرتے ہوئے نمازیوں کو منفرد سہولیات فراہم کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp