سونا خریدتے وقت اس کے اصل اور خالص ہونے کی تصدیق وہی لوگ کرسکتے ہیں جنہیں سونے کی پہچان ہوتی ہے۔ سنار کی دکان پر سونا خریدتے وقت لوگ اکثر مخمصے کا شکار نظر آتے ہیں۔ بعض لوگ تو آرٹیفیشل جیولری کو ہی اصلی سونے سے بنے زیورات سمجھ بیٹھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
گو کہ سونے کی کوالٹی کو بہتر طور پر وہی جانچ سکتے ہیں جو اس کاروبار سے وابستہ ہوں تاہم بھاری رقم کے عوض سونا خریدنے والے ایک عام خریدار کے لیے بھی ضروری ہے کہ اسے اس حوالے سے چند اہم اور بنیادی اصول پتہ ہوں۔ ذیل میں سونا خریدنے سے متعلق ایسے ہی چند سنہری اصولوں پر بات کی گئی ہے۔
ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی
یہ صرف سونا خریدنے کا ہی نہیں بلکہ زندگی کا بھی اصول بنالیں اور ذہن نشین کرلیں کہ ہر چمکتی ہوئی چیز سونا نہیں ہوتی۔ بہرحال، اگر آپ سونا خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو سب سے پہلے اس کے خالص ہونے کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔ سونے کا خالص پن قیراط کے پیمانے سے جانچا جاسکتا ہے۔ 24 قیراط کا سونا خالص ترین تصور کیا جاتا ہے۔ سونا 22، 20، 18، 14 اور 10 قیراط میں بھی دستیاب ہوتا ہے۔ جیسے جیسے آپ قیراط کم کرتے جائیں گے ویسے ہی سونے کی قیمت بھی کم ہوتی جائے گی۔ ایک عام خریدار مختلف قیراط کا سونا یا اس سے بنے زیورات کا بغور جائزہ لے کر باآسانی خالص اور ملاوٹی سونے کے درمیان فرق کرسکتا ہے۔
سنار کا انتخاب
سونے کی خریداری میں دکاندار کی شہرت، اعتماد اور اس کے پیش کردہ ریٹس کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ سونا خریدنے کے لیے ہمیشہ ایسے سنار کا انتخاب کریں جس کی مارکیٹ میں اچھی شہرت ہو، صارفین اس پر اعتماد کرتے ہوں اور وہ ایمانداری سے کاروبار سے کرتا ہو۔ آپ صارفین کی رائے کی بنیاد پر اس سنار کے کاروباری کردار کے بارے میں بہتر اندازہ لگا سکتے ہیں اور اطمینان سے سونے کی خریداری کرسکتے ہیں۔
سونا خریدنے کا مناسب وقت
ہر کام کا ایک وقت مقرر ہوتا ہے۔ سونے کی خریداری میں بھی یہ اصول بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اسی اصول کی بدولت آپ اپنی محنت سے کمائے ہوئے سرمائے کی بچت اور اسے اگلے وقتوں کے لیے محفوظ بناسکتے ہیں۔ آپ کو شادی، بیاہ یا کسی بھی موقع کے لیے سونا خریدنا ہو تو اس کے لیے مناسب وقت اور بہتر موقع کا انتظار کیا جاسکتا ہے۔ آپ مارکیٹ میں سونے کے اتار چڑھاؤ اور زمینی حقائق پر نظر رکھ کر بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آپ کو کب سونے کی خریداری کرنی ہے۔
منی بیک گارنٹی
سونے میں ہمیشہ ایسی سرمایہ کاری کریں کہ ضرورت پڑنے پر اسے نقد رقم میں بدلنا ممکن اور آسان ہو۔ اس مقصد کو پانے اور اپنے مالی تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایسے ریٹیلرز یا ایکسچینجز کا انتخاب یقینی بنائیں جو سونے کی واپسی کے شفاف طریقہ کار پر عمل پیرا ہوں اور آپ کو ایسی پیشکش کریں کہ آپ بخوشی اپنے سونے کو نقد رقم یا کسی اور اثاثے میں تبدیل کرسکیں۔
یاد رکھیں! سونے کی خریداری چاہے وہ ایک چھوٹی سی انگوٹھی کیوں نہ ہو، ایک اہم مالی فیصلہ ہے جس کا تعلق آپ کی سرمایہ کاری، رشتوں اور خوشیوں سے ہے۔ آپ مذکورہ معلومات اور اصولوں کی روشنی میں ایک درست فیصلہ کرکے اپنے سرمائے اور خوشیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔