وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر و رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ امام خامنہ ای سے بدھ کو تہران میں ملاقات کرکے ایرانی صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر حادثے میں المناک انتقال پر پاکستانی حکومت و عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اے پی پی کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی ایک زیرک رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

مرحوم صدر رئیسی کے اپریل 2024 میں دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا

 وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاک ۔ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر کے وژن کو جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے تاریخ کے اس نازک موڑ پر اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے برادر ملک ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لبے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لیے صدر رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔

پاک ایران تعلقات کے حوالے سے ابراہیم رئیسی کے وژن کو آگے بڑھائیں گے، آیت اللہ امام خامنہ ای

اس موقعے پر ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف کیے گئے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں اور اس پر شکرگزار ہیں۔

آیت اللہ امام خامنہ ای نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور پاک ایران تعلقات کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر رئیسی کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp