بونی کپور جب ’مسٹر انڈیا‘(1987)کی آفر لے کر سری دیوی کے پاس پہنچے تو انہوں نے جان چھڑانے کے لیے ان سے کہا کہ ان کی والدہ سے بات کرلیں۔
مزید پڑھیں
سری دیوی کی والدہ نے یہ سوچتے ہوئے بونی کپور سے 10لاکھ روپے معاوضہ طلب کیا کہ وہ ان کی ڈیمانڈ پوری نہیں کر سکیں گے۔ تاہم بونی کپور کو سری دیوی کو ہی اپنی فلم کی ہیروئن بنانا تھا، اس لیے انہوں نے 10لاکھ روپے کے بجائے 11لاکھ روپے کی آفر دے کر شوٹنگ کی ڈیٹس حاصل کر لیں۔
فلم ’مسٹر انڈیا‘ نے نہ صرف باکس آفس پر بلکہ ہندی سینما میں تاریخ رقم کر دی۔ اس فلم کا گانا ’ہوا ہوائی‘ اور ’کاٹے نہیں کٹتے یہ دن یہ رات‘ پر سری دیوی کے رقص نے سلور اسکرین پر ایسی آگ لگائی جو ہندی سینما میں آج تک کوئی بھول نہیں سکا۔
نوعمر سری دیوی کی فلمی آمدنی سے ان کی والدہ راجیشوری ینگر اور سوتیلے بہن بھائی بھی اچھی زندگی گزاتے رہے۔ بچپن میں سری دیوی نے تین ایسے اداکاروں کے ساتھ بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا تھا جو بعد میں سیاست دان بنے اور وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بھی براجمان ہوئے۔ سری دیوی نے اپنے والد کے لیے بھی انتخابی مہم میں تشہیر کی تھی۔