گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے  4 وفاقی اور 3 صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے ۔

کمیٹی میں شامل وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کنوینر ہوں گے جبکہ وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیر آبی وسائل مصدق مسعود ملک اور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرے گی اور گندم کی سبسڈی کے لیے ایک طویل المدتی پائیدار منصوبہ پر غوروخوض کے بعد تجاویز مرتب کرے گی تاکہ گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت کو معقول بناتے ہوئے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جاسکے۔

کمیٹی گلگت بلتستان کے مالی معاملات کے ضمن میں سفارشات مرتب کرنے سمیت دیامر بھاشا ڈیم سے گلگت بلتستان کو ہائیڈل کے خالص منافع کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی اور گلگت بلتستان میں 4 اضافی اضلاع کے قیام کا جائزہ لے کر قابل عمل سفارشات بھی فراہم کرے گی۔

صوبائی وزرا انجینئر محمد انور، انجینئر اسماعیل اور فتح اللہ خان سمیت چیف سیکریٹری گلگت بلتستان بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے، ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے امید ظاہر کی ہے کہ کمیٹی کے ذریعے بہت جلد گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے ۔

اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وزارت امورِ کشمیر امور و گلگت بلتستان کمیٹی کو سیکریٹیریل معاونت فراہم کرے گی، کمیٹی ایک ماہ کے عرصہ میں اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو مشاہدے اور احکامات کے لیے پیش کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp