برطانوی حکومت نے شہریوں کو کم از کم 3 دن کا راشن پانی جمع کرنے کی ہدایت کیوں کی؟

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو گھروں میں کم از کم 3 دن کا راشن اور پانی جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، برطانیہ کے نائب وزیراعظم اولیور ڈاؤڈن نے بدھ کو اس حوالے سے ایک ویب سائٹ ’Prepare‘ کا اجرا کیا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو تاکید کی جارہی ہے کہ وہ گھروں میں 3 دن کا راشن اور پانی کی اتنی بوتلیں جمع کرلیں کہ ایک فرد کے لیے روزانہ 3  لیٹر پینے کا پانی دستیاب ہو۔

ویب سائٹ پر ہدایت کی گئی ہے کہ لوگ کھانے کی ایسی ڈبہ بند اشیا جمع کریں، جنہیں پکانے کی ضرورت نہ پڑے۔ برطانوی حکومت نے لوگوں سے ٹارچ لائیٹس، بیٹریاں، وائیپس اور فرسٹ ایڈ کٹ کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

برطانیہ کے نائب وزیراعظم اولیور ڈاؤڈن

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قوم کو قدرتی آفات اور خطرناک وباؤں کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ نائب وزیراعظم اولیور ڈاؤڈن نے گزشتہ روز لندن ڈیفنس کانفرنس میں اس حوالے سے  خطاب کرتے ہوئے کہا، ’ہم قومی دفاع کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے اپنی سوسائٹی کو کسی بھی آفت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیار کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ذخیرہ انداوزی کی حوصلہ افزائی کرنا نہیں بلکہ عوام کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ویب سائٹ پر لوگوں کو اسے طریقے بتائے گئے ہیں جن پر عمل کرکے وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خود کو اور اپنے خاندان کے افراد کو محفوظ رکھ سکتے ہیں، ایسی صورتحال میں انہیں گھروں سے نکلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ ان کے پاس ضرورت کی ہر شے پہلے سے ہی موجود ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp