عمران خان کی کال پر شدید احتجاج کیا جائے گا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے ساتھیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو بھی غائب کیا گیا تو شدید احتجاج کریں گے، اسمبلی کے اندر بھی اور اسمبلی کے باہر سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات ہوئی، ان سے ملاقات بڑے اچھے ماحول میں ہوئی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کو جلد از جلد جیل سے باہر نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں کی تحریک جاری رکھیں گے، اتحادیوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرتے رہیں گے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب بھی کال کریں گے شدید احتجاج کیا جائے گا، تحریک تحفظ آئین کے تحت ہمارے جلسے ہوتے رہیں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ حماد اظہر، میاں اسلم قانونی کارروائی کے بعد پارٹی کو لیڈ کریں گے، حماد اظہر، میاں اسلم سے کوئی بیان دلوایا گیا تو ہم نہیں مانیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے، پاکستان کی معیشت ڈگمگا رہی ہے، کسانوں کی تیار فصل نہیں خریدی جا رہی ہیں، اس وقت ہمیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے دوران انتظامیہ کے غیر منصفانہ سلوک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے دن بھر لوگ ملاقاتیں کرتے تھے، بانی پی ٹی آئی سے 20سے 25 منٹ سے زیادہ ملاقات نہیں کرنے دیتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp