امریکی سفیر کسی کو رہائی دلاسکتے ہیں نہ ہم غیرملکیوں سے ایسا کچھ کہیں گے، عمر ایوب

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ امریکی سفیر پاکستان میں کسی کو رہائی نہیں دلا سکتے اور نہ ہی ہم کسی غیر ملکی کے سامنے ایسی بات کریں گے کیوں کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں۔

یاد رہے کہ پیر کو پی ٹی آئی کے وفد نے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ملاقات کی جس دوران چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے بتایا کہ آج امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں امریکی سفیر سے آئین و قانون کی بالادستی پر بات ہوئی۔

عمر ایوب نے کہا کہ امریکی سفیر سے ملاقات اچھی رہی اور ہمیں وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی سفیر ملنا چاہتے ہیں لہٰذا وزارت خارجہ کے کہنے پر امریکی سفیر سے ملاقات کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملاقات میں ملٹری بیسز کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تحفظات کسی غیرملکی سفیر کے سامنے نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی کا فائدہ ملکی ترقی کی صورت میں آتا ہے، موجودہ ماحول میں ملک میں ترقی نہیں ہوسکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp