اسلام آباد: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کا ادائیگی مرکز اور ون ونڈو سینٹر کا اچانک دورہ

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرپرسن بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) روبینہ خالد نے جمعرات کو اسلام آباد میں  پاک چائنا سینٹر کے قریب بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام ادائیگی  مرکز اور بینظیر ون ونڈو سینٹر کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس دورے کا مقصد ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل اور سہ ماہی بینظیر کفالت وظیفہ حاصل کرنے والی مستحقین خواتین کو فراہم کردہ ضروری انتظامات اور سہولیات کا  جائزہ لینا تھا۔

اپنے دورے کے دوران روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین سے براہ راست بات چیت کی اور ان کے مسائل اور تحفظات سنے۔

انہوں نے  ضرورت مند خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  وہ صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری نمبر 8171 سے پیغام موصول ہونے پر ادائیگی مرکز پرتشریف لائیں۔

روبینہ خالد نے واضح اعلان کیا کہ کفالت کی اس قسط میں وصول کی جانے والی کل رقم  10500 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ پوری رقم گن کر وصول کریں اور بینک کی رسید طلب کریں اور کسی بھی کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائیں۔

عملے کو ہدایت دیتے ہوئے روبینہ خالد نے مستحقین کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ احترام اور شائستگی کے ساتھ پیش آنے پر اصرار کیا اور کہا کہ کسی بھی بدتمیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

چیئرپرسن بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام نے ذاتی طور پر اپنی نگرانی میں  ایک بزرگ مستحق خاتون کو کفالت کی سہ ماہی قسط کی ادائیگی بھی  کروائی۔

روبینہ خالد نے عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض پوری ایمانداری کے ساتھ انجام  دیں۔ انہوں نے ادائیگی کے طریقہ کار کی سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور عملے کو بینکوں کے ساتھ کنیکٹیویٹی اور ڈیوائس کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی۔

مزید برآں انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ ایسے افراد کو ٹوکن جاری نہ کریں جن کےاکاؤنٹس  میں وظیفہ کی رقم نہ ہو۔

بینظیر ون ونڈو سینٹر میں روبینہ خالد نے سروے رجسٹریشن ڈیسک کا دورہ کیا اور ایک خاندان کی رجسٹریشن کے مکمل عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ استفادہ کنندگان اور عام عوام کی رہنمائی کے لیے واضح تحریری ہدایات اور بینرز آویزاں کیے جائیں تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ اچانک دورہ بینظیر انکم سپورٹ پرگرام کے ادائیگی کے نظام کی کارکردگی اور شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے  چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے عزم کی  عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام مستحقین کو ان کی جائز رقوم عزت اور احترام کے ساتھ ملے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp