بشکیک سے خصوصی پرواز 171 طلبا کو لے کر کوئٹہ پہنچ گئی

جمعہ 24 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرغزستان میں پھنسے 171 طلبا کولے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز کوئٹہ پہنچ گئی، جن میں سے 95 طلبا کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے طلبا کرغزستان میں پھنس گئے تھے، واپس آنے والے چند طلبا کا تعلق ملک کے دیگر صوبوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے بچے ہمارے مہمان ہیں، ان طلبا کو ان کے گھروں تک پہنچائیں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دعا ہے کہ کرغزستان میں جلد حالات ٹھیک ہوجائیں تاکہ طلبا اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان خصوصی پرواز کے ذریعے کرغستان روانہ ہوئے تھے۔

کرغزستان روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ طلبا کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 6264 کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔ یہ خصوصی پرواز رات 9 بجے طلبا کو لیکر واپس کوئٹہ پہنچی تھی۔ اس سے قبل پاکستانی طلبا متعدد پروازوں سے لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور پہنچے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp