پاکستان کا سلامتی کونسل سے خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب پیش رفت کا مطالبہ

جمعہ 24 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ناروے، آئرلینڈ اور اسپین سمیت شمالی امریکا کی 4 ریاستوں کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب پیش رفت پر زور دیا ہے۔

 آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر پیش رفت کا مطالبہ

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان بہاماس، ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو، بارباڈوس اور جمیکا سمیت 3 یورپی ممالککی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کی حالیہ قرارداد میں فلسطین کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی مکمل رکنیت کا مطالبہ کیا گیا ہے، اب تک اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی اکثریت فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکی ہے، پاکستان بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس سلسلے میں مثبت پیش رفت کا مطالبہ کرتا ہے۔

غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام اس بات کا متقاضی ہے کہ اب ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب پیش رفت ہونی چاہیے، فلسطینی ریاست کا دارلحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔‘

پاکستان مقبوضہ کشمیر پر بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کرتا ہے

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی اسٹیٹس کے معاملے پر نظر ثانی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کا پورا حق حاصل ہے۔

’ہم بھارتی سپریم کورٹ کی جانب حالیہ حکم نامے کے ساتھ ساتھ 11 دسمبر کے حکمنامے کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کو متنازعہ علاقے کے بارے میں یکطرفہ فیصلے کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔‘

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات

وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کی بابت ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان کو تمام تر تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، جہاں دونوں سربراہوں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمیونیکیشن، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے فروغ کے لیے بات چیت کی۔

’دونوں سربراہوں نے توانائی، بندرگاہیں چلانے، پانی صاف کرنے، غذائی تحفظ، اشیاء کی نقل و حمل، معدنیات، بینکاری اور مالیاتی سروسز منصوبوں سے متعلق سرمایہ کاری معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے بامقصد مذاکرات کیے جن پر نومبر 2023 میں دستخط کیے گئے تھے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ایران

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ 22 مئی کو ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر تعزیت کے لیے ایران کا دورہ کیا اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت قائم مقام صدر محمد مخبر سے ملاقات میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی

کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 20 سے 21 مئی کے دوران آستانہ میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، اس دورے کے دوران اسحاق ڈار نے نہ صرف اجلاس سے خطاب بلکہ قازقستان کے صدر سے ملاقات کے دوران دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیلاروس، روس، چین اور کرغیزستان کے وزراء خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ’آذربائیجان کے وزیر خارجہ 29 سے 30 مئی کو پاکستان کا دورہ کریں گے، اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔‘

ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعد نائب وزیراعظم کرغیزستان کے دورے پر گئے جس کا مقصد دارالحکومت بشکیک میں تعلیم کی غرض سے مقیم طالب علموں کی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات کو دیکھنا تھا۔

ترک وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 19 سے 20 مئی ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سمیت نائب وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور فوجی قیادت سے ملا قاتیں کیں، پاکستان اور ترکیہ نے سرمایہ کاری، تجارت، دفاع اور سیکیورٹی کے امور پر ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

جنوبی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملہ

جنوبی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملے پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے دکھ میں برابر شریک ہیں اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ ’مبینہ ڈرون حملے پر دفتر خارجہ کوئی رائے نہیں دے گا، اس حوالے سے فوج کے اطلاعات عامہ آئی ایس پی آر سے رابطہ کیا جائے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp