وزارت داخلہ کا اسلام آباد اور لاہور کی طرز پر داسو، چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 25 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت داخلہ نے چینی و دیگر غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے داسو، چلاس میں اسلام آباد کی طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں داسو، چلاس سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں داسو، چلاس میں چینی و غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے حوالے سے سیف سٹی پراجیکٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو داسو، چلاس میں سیف سٹی کے قیام کے لیے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 15 روز میں حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ داسو، چلاس میں سیف سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے، سیف سٹی کا قیام اسلام آباد اور لاہور کی طرز پر جدید تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیف سٹی کا مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ ایسا نظام ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس ہو، پراجیکٹ سے اس علاقے کی نگرانی اور سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی، واپڈا، خیبر پختونخوا پولیس اور اسلام آباد پولیس ملکر اس سلسلے میں جامع پلان تیار کریں۔

وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد، آر پی او ہزارہ اور واپڈا کے نمائندے پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی، انہوں نے مذکورہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دن میں داسو، چلاس میں سیف سٹی کے قیام کے حوالے سے تفصیلی اور جامع پلان پیش کرے۔

وزیر داخلہ نے گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp