انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات آزاد کشمیر کی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 3 قیدیوں کو میرپور جیل میں منتقل کرنے کے حوالے سے ایک ماہ قبل رجسٹرار آزاد کشمیر ہائیکورٹ کو لکھا گیا مکتوب منظر عام پر آگیا۔
مکتوب میں آئی جی جیل خانہ جات نے ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ کو غیر محفوظ قرار دینے کے ساتھ نفری کی کمی سمیت سیکیورٹی تھریٹس کا بھی ذکر کیا اور عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ خطرناک ملزمان فرار ہونے کے لیے کوئی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
خط میں لکھا گیا کہ ملزمان غازی شہزاد، محمد ایاز اور تیمورممتاز جو کہ دہشتگردی اور قتل کے مقدمہ میں انڈر ٹرائل ہیں انہیں میرپور جیل منتقل کرنے کی منظوری دی جائے جبکہ ان کا کیس بھی میرپور منتقل کیا جائے۔
مکتوب میں آئی جی جیل خانہ جات نے تحریر کیاکہ ان تینوں پر راولپنڈی اور پلندری میں بھی مقدمات قائم ہیں۔
مکتوب پر کارروائی جاری تھی کہ تینوں ملزمان سمیت 19 قیدی جیل سے فرار ہوگئے جبکہ ایک قیدی گارڈز کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
واقعہ کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملازمت سے معطل کردیا گیا جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 8 وارڈنز کو ضلعی پولیس نے حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔