پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ اس وقت تمام جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز عہد کریں کہ پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، جو اس وقت حال ہے لوگ دوبارہ 1971 کا ذکر کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اتنا دبایا جارہا ہے کہ اب بغاوت کرنے پر اتر آئے ہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ جب ظلم حد سے زیادہ بڑھے گا تو لوگ بغاوت کریں گے۔ اگر اس وقت احساس نہ کیا گیا تو پاکستان ایک بار پھر بڑے خطرے میں آسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کا حوصلہ آسمان کو چھو رہا ہے، اگر کوئی سوچتا بھی ہے کہ عمران خان جھک جائیں گے تو وہ غلطی پر ہے۔ ’عمران خان نہ جھکنے والے ہیں نہ بکنے والے ہیں، ان کو دیکھ کر میرے جیسا شخص بھی جوان ہوگیا ہے‘۔
’مذاکرات فیصلے کا اختیار رکھنے والوں ہی سے ہوسکتے ہیں‘
فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ بات چیت تو سب سے ہوسکتی ہے لیکن کیا ان کٹھ پتلیوں کے پاس فیصلے کا اختیار ہے؟ اس لیے مذاکرات تو فیصلے کا اختیار رکھنے والوں ہی سے ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بات چیت سب سے ہوتی ہے، اسمبلی کے فلور پر بھی ہوتی ہے، رہداریوں میں بھی ہوتی ہے، فیصلہ کون کرے گا؟ فیصلہ وہ کریں گے جو فارم 47 پر لائے گئے ہیں؟ لانے والوں سے بات ہونی چاہیے یا جو آئے ہیں ان سے بات ہوگی؟ ہر آدمی با شعور ہے بات چیت سب سے کریں لیکن مذاکرات ان سےکریں جن کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت ہے۔
پارٹی چھوڑنے والوں کی واپسی پر عمران خان کو کارکنوں کو مطمئن کرنا ہوگا
علی زیدی کی واپسی سے متعلق سوال پر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کے بارے میں پارٹی کارکنان بالکل واضح ہیں، کارکنوں کا موقف ہے کہ جس نے عمران خان کو مشکل وقت میں چھوڑا اس کو ہم قبول نہیں کریں گے۔ اگر علی زیدی یہ ثابت کردیں کہ مشکل وقت میں انہوں نے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا اور عمران خان ان کی بات مان لیں تو پھر عمران خان کو کارکنوں کو مطمئن کرنا ہے کہ ایسے لوگ جو پارٹی کے مشکل وقت میں کھڑے رہے اور جو مشکل وقت میں چھوڑ کر چلے گئے ان میں فرق کیا ہے؟
9 مئی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جو ماضی میں کمیشن بنے تھے ان کی رپورٹس بھی سامنے لائی جائیں، چھپاتے کیوں ہیں، جن سے غلطیاں ہوئی ہیں وہ معافی مانگیں، ہم سے غلطی ہوتی تو ہم معافی مانگتے، ہم تو مان ہی نہیں رہے کہ 9 مئی ہوا ہے۔
ہم نے ہزاروں جلسے کیے لیکن ایک پتا تک نہیں توڑا
انہوں نے کہاکہ یاسمین راشد کی ویڈیو موجود ہے جس میں کہہ رہی ہیں کہ جناح ہاؤس کے اندر مت جانا لیکن انہیں جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔
فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ نادرا میں بھی جنرل کو اوپر بٹھا دیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان لوگوں کو کیوں نہیں ڈھونڈ پائے جو 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے۔ اگر اشتعال دیں گے تو لوگ مجبور ہوں گے، ہماری تاریخ ہے کہ ہم نے کبھی ایک پتا تک نہیں توڑا جبکہ جلسے ہزاروں کیے ہیں۔