کوک اسٹوڈیو سیزن 15: ساتویں گانے ’بلاک بسٹر‘ نے شائقین کے دل جیت لیے

اتوار 26 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوک اسٹوڈیو نے سیزن 15 کا 7واں گانا ’بلاک بسٹر‘ ریلیز کردیا ہے۔ فارس شفیع اور عمیر بٹ (بٹ برادرز) کی شاندار جوڑی پر مشتمل اس گانے میں پہلی بار خواتین پر مشتمل لوک گروپ، گڑوی گروپ (عابدہ، روحہ راول، ساجدہ بی بی اور صبا حسن) بھی شامل ہے، جو پاکستان کی ثقافتی خوشحالی کا جشن منانے کے لیے اپنے متحرک راجستھانی ورثے کو سامنے لائے ہیں۔

فارس شفیع پاکستان کے ریپ منظر نامے میں ایک نامور شخصیت ہیں، ان کا ریپ اسٹائل سماجی تبصروں کو موسیقی کی کشش کے ساتھ ملاتا ہے اور دنیا بھر میں گونجتا ہے۔ عمیر بٹ ساتھی گلوکار کے طور پر چمکتے ہیں۔ گانے کی موسیقی کلاسیکی اور پنجابی لوک موسیقی کی بھرپور عکاس ہے، جبکہ گڑوی گروپ کا تعلق مشہور گڑوی محلہ سے ہے، جو نصیبو لال اور ریشماں جیسے مشہور فنکاروں کا گھر ہے اور شاندار موسیقی ورثے کے محافظ ہیں۔

’بلاک بسٹر‘ کے لیے سب گلوکار ایک ایسے گانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں جو ایک روایتی پاکستانی محلے کا عکاس ہے، دوستی اور جوش و خروش سے بھرپور ہے، جسے سیزن 15 کے پروڈیوسر اور کیوریٹر زلفی کے وژن کے تحت فلمایا گیا ہے۔ شائقین کی پسندیدگی کا عالم یہ ہے کہ یوٹیوب پر گانا اپ لوڈ ہونے کے محض 16 گھنٹوں میں 2 لاکھ 59 ہزار سے زائد ویوز ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کے تجربہ کار ڈائریکٹر ذیشان پرویز نے زلفی، فارس اور عمیر کی مشترکہ تحریر کردہ اس گانے کو سنسنی خیز بنایا ہے۔ ’بلاک بسٹر‘ کی کہانی میں اجتماعی ثقافتی شناخت کا جشن منایا گیا ہے۔ آرٹ ڈائریکٹر مریم علی، پروڈیوسر شاہ رخ کاظم اور سنیماٹوگرافر احسن رضا کے شاندار کام نے گانے کی توانائی کو بڑھا دیا ہے۔

’بلاک بسٹر‘ فارس شفیع اور عمیر بٹ کی پیروی کرتا ہے جب وہ ایک عام محلے کی متحرک افراتفری کا نظارہ کرتے ہیں، جہاں بھاری ٹریفک، پیدل چلنے والوں کی بھیڑ اور سڑک کے کنارے کاروبار ہو رہے ہیں۔ پوری کمیونٹی اس جشن میں شامل ہوتی ہے اور پاکستانی بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔

اس گانے میں ناروے کے شہری ڈانس گروپ کوئیک اسٹائل کی جانب سے کوریوگراف کیے گئے 2 ڈانس سیکوئنس بھی شامل ہیں۔ گڑوی گروپ نے اپنے منفرد انداز کے ساتھ گانے کو راجستھانی ٹچ دیا ہے۔ گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے بنا کٹ کے مسلسل شوٹ کیا گیا ہے، جو واقعی قابل تحسین ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp