سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کرکے 5 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 3 کو زخمی کردیا۔آپریشن دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہو گئے۔کیپٹن حسین جہانگیر شہید کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے اور عمر 25 سال تھی۔ کیپٹن حسین جہانگیر شہید نے 4 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دیں۔ کیپٹن حسین جہانگیر شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
حوالدار شفیق اللہ شہید ضلع کرک کے رہائشی اور عمر 36سال تھی۔ حوالدار شفیق اللہ شہید نے 18 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دیں۔ حوالدار شفیق اللہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ علاقےمیں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔