لاپتا طالبعلم کی لاش کھائی سے مل گئی: ’ٹریل 5 بھی اب محفوظ نہیں‘

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے ہائیکنگ ٹریل 5 سے لاپتا ہونے والے بچے کی لاش پیر کی صبح مل گئی، ہفتے کے روز ٹریل 5 سے لا پتہ ہونے والے 15 سالہ طالب علم طحٰہ کی لاش مارگلہ ہل کی ٹریل 5 کی ایک خطرناک کھائی سے ملی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاش کو کھائی سے نکالنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا گیا ہے کہ طویل سرچ آپریشن کے بعد مارگلہ ٹریل پر گم ہونے والے نوجوان کی لاش ایک خطرناک کھائی سے ملی ہے۔ ایس پی سٹی اور سرچ ٹیم نوجوان کے لواحقین کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔ پولیس کے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان راستہ بھٹکنے کے بعد پاؤں پھسلنے سے کھائی میں گر کر ہلاک ہوا ہے۔ ’مزید تفتیش عمل میں لائی جارہی ہے اور لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا تاکہ تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جا سکے۔‘

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے گمشدگی کے اس واقعہ کے ہلاکت خیز انجام پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا جا رہا ہے کہ ٹریل 5 پر سخت سیکیورٹی کے باوجود ایسا واقعہ کیسے پیش آ سکتا ہے، کئی صارفین نے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ بیشتر صارفین وزیر داخلہ محسن نقوی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ٹریل 5 آسان ٹریک ہے، طحٰہ کے دوستوں سے تفتیش ہونی چاہیے، یہ واقعہ اتنا سادہ نہیں لگتا، اس کے پیچھے کچھ گڑ بڑ محسوس ہو رہی ہے۔

صحافی عامر سعید عباسی نے لکھا کہ بظاہر یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ قتل ظاہر ہوتا ہے کیونکہ ہائیکنگ پر جانے والے دوستوں سے ایک دوست کھائی میں گر جائے اور دیگر دوستوں کو پتہ بھی نہ چلے، یہ کیسے ہوسکتا ہے؟

صحافی رؤف کلاسرا نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت کرکٹ کے معاملات میں زیادہ مصروف ہیں، وہ ابھی تک اسلام آباد میں اپنا رنگ جما نہیں سکے۔ انہوں نے محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ شاید وہ ان لاکھوں ڈالرز کے بارے میں سوچ رہے ہیں جو انہوں نے کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر انعام میں دینے ہیں کہ وہ کہاں سے آئیں گے۔ جس انسانی المیہ کا معاملہ اٹھایا جا رہا ہے وہ کرکٹ ورلڈ کپ تک انتظار کر سکتا ہے۔

لطیف شاہ لکھتے ہیں کہ سیکیورٹی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ حال ہی میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹریل پر سیکیورٹی مزید بہتر بناتے ہوئے نئی فورس کا افتتاح بھی کیا تھا مگر 15 سالہ محمد طحٰہ کی لعش برآمد ہوئی ہے جس  کو برآمد کرنے کےلیے رینجرز کی مدد طلب کی گئی ہے۔

سید زاہد عباس نامی صارف نے لکھا کہ ٹریل 5 بھی اب محفوظ نہیں۔

یاد رہے کہ 2 ہفتے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ہلز پر قائم ہائیکنگ ٹریل پر جانے والوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی پٹرولنگ شروع کروائی تھی۔ پولیس پٹرولنگ کے لیے 6 موٹر سائیکلیں، 60 اہلکار اور 8 گھوڑوں پر مشتمل پٹرولنگ ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹیریٹ کے علاقے سے طالبعلم طحٰہ مبینہ طور پر اغوا ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق طحٰہ دوستوں کے ساتھ ہائیکنگ کے لیے ٹریل 5 گیا تھا جہاں وہ دوستوں سے بچھڑ گیا تھا، طحٰہ کے دوستوں کی جانب سے اس کے گھر فون کرنے پر پتا چلا کہ طحہٰ گھر نہیں پہنچا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp