وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہری پور کے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سری کوٹ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ آتشزدگی سے اسکول عمارت میں ہوئے نقصان کا فی الفور ازالہ کیا جائے، تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔
اس حوالے سے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریسکیو عملے نے بروقت اور فوری کارروائی کرکے طالبات کو بحفاظت نکالا، محکمۂ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ واقعہ کی وجوہات سے متعلق رپورٹ دیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ اسکول میں موجود تمام طالبات کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، تاہم آتشزدگی سے اسکول عمارت میں ہوئے نقصان کا فی الفور ازالہ کیا جائے، تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔
انہوں نے ہدایات دیں کہ تمام تعلیمی اداروں کا جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات نہ ہوں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں تمام طلبا کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے، واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اسکول میں بحالی کا کام جلد از جلد کرکے اسے فعال بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہری پور کے گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سری کوٹ میں صبح کے وقت شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تھی، تاہم امدادی ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باعث اسکول میں پھنسی 1400 طالبات کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ عمارت اور اندر موجود فرنیچر سمیت اسکول ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔