تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ واشک کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے۔
مزید پڑھیں
حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال بسیمہ منتقل کیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جائے گا، زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
ریسکیو کے مطابق حادثہ گاڑی کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، تیز رفتار ہونے کے باعث گاڑی بے قابو ہوئی اور گہری کھائی میں جاگری۔ گاڑی میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے۔
انتظامیہ کے مطابق لاشیں سول اسپتال بسیمہ میں شناخت کے لیے رکھ دی گئی ہیں، حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس نجی کمپنی کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر واشک سے 9 شدید زخمیوں کو لے کر کوئٹہ روانہ ہوا۔
اسپتال سے 13 جاں بحق افراد کی لاشوں کو حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر میں روانہ کیا جا رہا ہے۔
شدید زخمی افراد سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل ہوں گے۔ ٹریفک حادثے میں 28 افراد جاں بحق جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم نے دلی دکھ کا اظہار کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے واشک میں ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، وزیر اعلٰی بلوچستان کی ہدایت
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بسیمہ کے قریب بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرا دکھ ہوا ہے، انہوں نے بس حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ بلوچستان کی تعزیت
بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے اس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جان سے جانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کے صبر جمیل کی دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے موثر اقدامات کیے جانے چاہییں۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
واضح رہے تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے، جن میں سے خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، 22 زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔