بینکنگ کورٹ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹ کیس داخل دفتر کردیا ہے، فریال تالپور کو بھی حاضری سے استثنیٰ مل گیا۔
بینکنگ کورٹ کراچی میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور دیگر کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹ کیس کی سماعت ہوئی۔
مزید پڑھیں
عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اپنایا کہ آصف علی زرداری صدر پاکستان بن چکے ہیں انہیں آئینی استثنیٰ حاصل ہے۔
عدالت نے آصف علی زرداری کے خلاف کیس داخل دفتر کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ جب تک وہ صدر مملکت ہیں، ان کے خلاف مقدمے کی سماعت نہیں ہوگی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور آج کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، ان کے وکیل نے عدالت میں درخواست دی کہ فریال تالپور قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث مصروف ہیں، انہیں آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
عدالت نے فریال تالپور کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کردی۔