ایک صحت مند زندگی کے لیے صحت بخش غذاؤں میں دودھ کا نام سر فہرست ہے۔ اسے روزانہ کی خوراک میں شامل کرنے سے حاصل ہونے والے فوائد آپ کی سوچ سے بھی بڑھ کر ہیں۔
دودھ جسم میں موجود مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ دودھ میں قوت مدافعت بڑھانے والے وٹامنز اور غذائی اجزا جیسے پروٹین، وٹامن ڈی، وٹامن اے، زنک اور بہت کچھ ہوتا ہے۔ دودھ کے بے شمار فوائد میں سے چند یہ ہیں:
ہڈیوں اور دانتوں کو صحت مند رکھتا ہے:
کیلشیم ہڈیوں اور دانتوں کی صحت کے لیے ضروری ہے۔ اگر آپ خوراک میں زیادہ کیلشیم لینا چاہتے ہیں تو اس کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ دودھ اور اس کی بائی پروڈکٹ جیسے دہی اور پنیر وغیرہ کی مناسب مقدار اپنے کھانے میں شامل کرلیں۔
ہاضمے کے لیے مفید:
آپ کے ہاضمے کی صحت پر توجہ مرکوز کرنا آپ کی خوراک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ اس کے لیے ڈیری مصنوعات کا باقاعدہ استعمال شروع کر دیں۔دودھ میں موجود خصوصی اجزا میٹابولزم کو تقویت پہنچا کر نظام انہضام کو استحکام بخشتے ہیں۔
ایک گلاس دودھ اور پُرسکون نیند:
سونے سے پہلے ایک گلاس گرم دودھ کو معمول بنائیں، اس لیے کہ دودھ میں ٹرپٹوفن کی تھوڑی مقدار ہوتی ہے جو میلاٹونن (آپ کو سونے میں مدد دینے کے لیے) اور سیروٹونن (آپ کے مزاج کو بہتر بنانے کے لیے) دونوں کو متحرک کرتی ہے۔
دودھ میں اعلیٰ قسم کے پروٹین آپ کو مکمل اور مطمئن محسوس کراتے ہیں تاکہ آپ کو بھوک محسوس نہ ہو۔
جلد اور بالوں کے لیے مفید:
ایک گلاس غذائیت سے بھرپور دودھ پینے کا مطلب ہے کہ آپ کو بالوں کی صحت کے لیے اعلیٰ معیار کا پروٹین اور وٹامن اے اور زنک مل رہا ہے تاکہ آپ کی جلد کو چمکنے میں مدد ملے۔
جذباتی اور دماغی صحت میں بہتری:
غذائیت سے بھرپور اور متوازن غذا کھانا مجموعی صحت کا ضامن ہے۔ وٹامن ڈی، سی اور بی وٹامنز سے بھرپور غذائیں جیسے دودھ، آپ کے نظام ہاضمہ کو بہتر اور آپ کے دماغ کو پُر سکون رکھنے میں مدد کرتی ہیں۔ اس سے جذباتی اور ذہنی تندرستی بہتر ہو سکتی ہے۔
پٹھوں کی مضبوطی:
کم چکنائی والا چاکلیٹ دودھ ورزش کے بعد کی بحالی کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔ یہ کمزور پٹھوں کو تقویت پہنچانے کا اعلیٰ معیار کے پروٹین کا قدرتی ذریعہ ہے۔ اس میں پٹھوں کو مضبوط بنانے کے لیے پروٹین اور کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں۔