احمد فرہاد کیس، عدالتی کارروائی کے بعد بہن اور والدہ نے کیا کہا؟

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے اسلام آباد سے لاپتا ہونے والے شاعر و صحافی احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔

 اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ شاعر احمد فرہاد گرفتار ہیں اور آزاد کشمیر کے تھانہ دھیرکوٹ پولیس کے زیرحراست ہیں، اٹارنی جنرل نے تھانے کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردی۔

اٹارنی جنرل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کرنے پر ان کی ہمشیرہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کے ساتھ عدلیہ نے بھرپور تعاون کیا، جس پر وہ عدلیہ کی شکرگزار ہیں۔’آج ہمارا بھائی باعزت بازیاب ہورہا ہے، ابھی ہم بھائی کو ریسیو کرنے کے لیے کشمیر جارہے ہیں۔‘

کیا آپ عدالتی کارروائی سے مطمئن ہیں؟ اس سوال کے جواب میں احمد فرہاد کی ہمشیرہ نے کہا کہ وہ بالکل مطمئن ہیں، پولیس سمیت سب اداروں اور میڈیا نے ان  کا بہت ساتھ دیا۔

’ہم تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اچھے طریقے سے ہمارا ساتھ دیا، ہم آج سرخرو ہوئے، آئین کی جیت ہوئی، ہم دعا کررہے ہیں کہ جتنے بھی لاپتا لوگ ہیں، ان کے ساتھ بھی ایسا ہی انصاف ہو جیسا احمد فرہاد کے ساتھ ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم اسی پر بس نہیں کریں گے، مثال قائم کریں گے کہ ہم سب لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے آواز اٹھائیں، ہم نے سب لاپتا افراد کو اپنے گھروں میں باحفاظت پہنچانا ہے۔‘

والدہ کا احمد فرہاد کی بازیابی پر کیا ردعمل ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان کی والدہ کو احمد فرہاد کے لاپتا ہونے کے بارے میں نہیں بتایا گیا تھا، بھائی احمد فرہاد ماں جی کے لیے آئیڈیل بیٹے ہیں، وہ تو سوچ بھی نہیں سکتی کہ ان کے بیٹے کو اٹھا لیا گیا ہے، وہ اس کو رول ماڈل سمجھتی ہیں۔

’ماں جی کو ہم نے یہی کہا کہ کوئی لڑائی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بھائی کو تھانے میں لے کر گئے ہیں، ماں جی تو اس لیے یہاں آئی ہیں کہ انہوں نے بیٹے سے ملنا ہے، ابھی تک ان کو کنفرم نہیں ہے کہ ان کے بیٹے کو کس نے اٹھایا ہے، ہماری والدہ سادہ سی ہیں، ان کو معاملات کا پتا ہی نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا ہے کہ آج وہ خوش ہیں کہ وہ اپنے بھائی کو خیریت سے ریسیو کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp