امریکی شہر نیویارک میں چوہوں کے زہر سے ایک اُلو کی ہلاکت کے بعد شہر کی مقامی حکومت نے چوہوں کی آبادی پر قابو پانے کے لیے برتھ کنٹرول گولیاں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
نیویارک سٹی کونسل کے رکن شاؤن ایبریو نے ایک آرڈیننس جاری کیا ہے، جس کے کے تحت شہر میں لاکھوں کی تعداد میں موجود چوہوں پر قابو پانے کے لیے برتھ کنٹرول جیسا طریقہ آزمایا جائے گا، اس سے قبل امریکا میں چوہوں پر قابو پانے کے لیے خطرناک کیمیکلز اور مختلف قسم کے زہر استعمال کیے جاتے تھے، دوسرے طریقوں کے مقابلے میں برتھ کنٹرول کا طریقہ کار بہتر ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کونٹرا پیسٹ نامی برتھ کنٹرول کی یہ گولیاں چوہوں کی پسندیدہ غذا میں ڈال کر چوہوں کی کثرت والی جگہوں پر پھینکی جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نیویارک میں چوہوں کو ختم کرنے کے لیے مختلف طریقے آزمائے جا چکے ہیں، لیکن چوہوں کی بڑھتی آبادی پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
نیویارک میں چوہوں کے کنٹرول پر کام کرنے والے اہلکار رشاد ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ چوہے اس معاملے میں بہت سخت جان ہیں، بقول ان کے وہ بہت سمجھدار ہیں، اس لیے انسانوں کو بھی اس معاملے میں سمجھدار ہونا پڑے گا۔
رشاد ایڈورڈ کے مطابق چوہوں کو ختم کرنا ممکن نہیں، بلکہ ان کی آبادی مناسب حد تک کنٹرول کی جاسکتی ہے۔