کراچی: 100 روپے کی شرط بچے کی ہلاکت کا باعث کیسے بن گئی؟

جمعرات 30 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے گلشن معمارافغانی کیمپ کے قریب مبینہ طور پر مضرصحت اشیا کھانے سے 11سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا، والدین کے مطابق بچے نے ٹھیلے سے دال سیو (نمکو) کھائی اور پھر کولڈ ڈرنک پینے کے بعد طبعیت بگڑگئی جس پر پولیس نے ٹھیلے والے کو حراست میں لے لیا۔

گلشن معمارافغان بستی میں 11 سال کے شاہ محمد کی موت کا واقعہ پیش آیا،  متوفی بچے کے استاد حمیداللہ کے مطابق شاہ محمد نے ٹھیلے والے سے سرکے کی بوتل پی جانے کی شرط لگائی، سرکہ پینے کے بعد کولڈ ڈرنک پی لی جس کے باعث بچے کی حالت خراب ہوئی۔

استاد کے مطابق ٹھیلے والے سے سرکہ پی جانے پر 100روپے کی شرط لگائی، شاہ محمد نے سرکے کی بوتل پینے کے بعد ٹھیلے والے سے شرط کے 100روپے لیے، شرط کے 100روپے لے کر بچہ دکان پرگیا اور کولڈ ڈرنک خرید کر پی لی۔

لڑکا گھر آیا تو اسے الٹیاں شروع ہوگئیں، بچے نے بتایا کہ اس نے سرکے کی بوتل اور پھرکولڈ ڈرنک پی لی ہے جس کے بعد شاہ محمد کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ انتقال کرگیا۔

پولیس نے ٹھیلے والے کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp