لگاتار 20 سال سے بولی ووڈ کی امیر ترین اداکارہ کون ہیں؟

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کسی بھی امیر ترین فلمی اداکارہ کا تعین کرنا ہو تو دیکھا جاتا ہے کہ اس اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں کتنا عرصہ راج کیا اور کتنی کامیاب فلموں میں اداکاری کی۔ عمر بڑھتے ہی ان اداکاراؤں کا دور ختم ہو جاتا ہے اور فلم انڈسٹری نئے چہرے تلاش کرلیتی ہے۔

تاہم بولی ووڈ میں ایسا نہیں ہے کیونکہ اس انڈسٹری میں گزشتہ 20 سال سے ایک ہی ایسی شخصیت ہیں جو فلموں سے دور ہونے کے باوجود آج بھی اس انڈسٹری کی امیر ترین اداکارہ ہیں۔

انڈیا کی امیر ترین اداکارہ

سابق مس ورلڈ اور معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن 2005ء سے بولی ووڈ کی امیر ترین اداکارہ ہیں جنہوں نے کئی بڑی فلموں میں کام کیا۔ ایشوریہ نے فلموں میں اداکاری کا آغاز 90ء کی دہائی میں کیا۔ فلموں میں اداکاری کے معاوضہ، پروموشنز، اشتہارات اور بزنس انویسٹمنٹ کی بدولت انہیں بولی ووڈ کی کی امیر ترین اداکارہ بننے کا اعزاز حاصل ہو جو گزشتہ 20 سال انہی کے پاس ہے۔ ان کی اثاثوں کی کل مالیت 776 کروڑ روپے ہے۔

گزشتہ دہائی کی معروف اداکارائیں کہاں کھڑی ہیں؟

گزشتہ دہائی کے دوران پریانکا چوپڑا، کترینہ کیف اور دپیکا پڈوکون کے علاوہ ساؤتھ انڈین فلموں کی مشہور اداکاراؤں نے بھی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا اور خوب دولت کمائی۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پریانکا چوپڑا ہیں جن کے اثاثوں کی کل مالیت 600 کروڑ روپے ہے۔ اس کے بعد دپیکا 550 کروڑ روپے، عالیہ بھٹ 500 کروڑ روپے، کرینہ کپور 485 کروڑ روپے اور کاجول 250 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

ایشوریہ نے اپنی دولت کو کیسے سنبھالے رکھا؟

دلچسپ طور پر، ایشوریہ کی آخری ہٹ فلم ’اینتھیران‘ تھی۔ یہ تامل فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے گزارش، سربجیت اور جذبہ جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا لیکن اس کے باوجود یہ فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوگئیں۔ تاہم ایشوریہ نے ہمت نہ ہاری اور بڑی فلموں میں چھوٹے کرداروں کے ساتھ پردہ اسکرین پر اپنا وجود برقرار رکھا۔ ان کی ایک ایسی ہی ایک فلم ’پونیین سیلوان‘ نے باکس آفس پر 800 کروڑ کا بزنس کیا۔ اس فلم میں ایشوریہ کی پرفارمنس کو بھی خوب سراہا گیا۔

انٹرنیشنل برینڈز کی پروموشن

ایشوریہ کی دولت میں ایک بڑا کردار انٹرنیشنل برینڈز کے ساتھ طویل مدتی معاہدے ہیں جن کے تحت وہ ان برینڈز کی پروموشن کرتی رہیں۔ وہ کئی سال تک معروف برینڈز کا چہرہ بنی رہیں اور اس مد میں انہوں نے خاصہ دولت کمائی۔ ہالی ووڈ فلموں اور کینز فلم فیسٹیول میں شرکت سے ان کی اہمیت میں اور دولت میں اور بھی اضافہ ہوا، جس کی بدولت ان کا امیر ترین اداکارہ ہونے کا اسٹیٹس آج بھی قائم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp