وزیر اعظم شہباز شریف 4 تا 8 جون چین کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان چینی دفتر خارجہ

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 چینی صدر اور وزیر اعظم کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 4 تا8 جون کو چین کا سرکاری دورہ کریں گے، چین کی وزارت خارجہ نے بھی وزیر اعظم کے دورے کی تصدیق کر دی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی کابینہ سمیت بڑا وفد بھی چین جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے صدر اور وزیر اعظم کی خصوصی دعوت پر وفد کے ہمراہ 4 جون کو چین کے دورے پر روانہ ہوں گے تاہم اب پاکستان کے بعد چین کے دفتر خارجہ نے بھی وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کی تصدیق کر دی ہے۔

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 4 جون تا 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان چینی دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ چین کا پہلا دورہ ہو گا، ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف دورے میں صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔

شہباز شریف کے دورے میں پاک چین تعلقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاک چین قیادت کے درمیان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ بلیو پرنٹ تیار کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف بیجنگ کے علاوہ گوانگ ڈونگ اور شانگزی بھی جائیں گے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان دورہ چین کے دوران سی پیک 2 اور دو طرفہ منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔  وہ چین کی پیپلز کانگریس کے چئیرمین اور چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، شہباز شریف متعدد آئل اینڈ گیس کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp