روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 5.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔روشن اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے اب تک مجموعی طور پر 3.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سٹیٹ بینک سے جاری کر دہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2020 کے بعد سے لے کر اب تک سمندر پار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 5.811 ارب ڈالر کا زر مبادلہ پاکستان بھجوایا ہے۔
فروری 2023 میں روشن اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے 125 ملین ڈالر کا زرمبادلہ بھجوایا جو جنوری میں 110 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 250 ملین ڈالر تھا۔
ماہ فروری کے دوران روشن ڈیجیٹل کے اکاؤنٹس میں 11854 کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی کھاتہ داروں کی تعداد 536676 ہو گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے ملک میں مجموعی طور پر 3.704 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
روشن اکاؤنٹس کے ذریعے اب تک سمندر پار پاکستانیوں نے نیا پاکستان روایتی سرٹیفکیٹس میں 1.833 ارب ڈالر، نیا پاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں 1.822 ارب ڈالر اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 49 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں نے آر ڈی اے کے ذریعے فروری میں ملک میں 87 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جن میں نیا پاکستان روایتی سرٹیفکیٹس میں 33 ملین ڈالر، نیا پاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں 53 ملین ڈالر اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔