جب سے قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنے ہمیں انصاف نہیں مل رہا، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ جب سے قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنے ہیں ہمیں انصاف نہیں مل رہا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہاکہ ہماری کور کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس ہمارے کیسز نہ سنیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ کیسز میں جانبداری نظر آنا ہمارے موقف کو تقویت دیتا ہے اور جو فیصلے آرہے ہیں ان میں جانبداری واضح نظر آرہی ہے۔

رؤف حسن نے کہاکہ عدالت کا کاندھا کسی بھی طور پر سیاسی معاملات میں استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی ٹوئٹ سے متعلق ایف آئی اے کا نوٹس مجھے موصول ہوچکا ہے اور کچھ سوالات پوچھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا ہمارے پاس مضبوط پلیٹ فارم ہے اور عمران خان کی ہدایت ہے کہ حمودالرحمان کمیشن کی رپورٹ کو عام کیا جائے تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے کہ ماضی میں کیا کیا غلطیاں ہوئیں۔

رؤف حسن نے کہاکہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے عمران خان کے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کو اون کیا ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کی اس پر کیا رائے ہے یہ ملاقات کے بعد ہی پتا چلے گی۔

انہوں نے کہاکہ ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہماری لیگل ٹیم نے کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp