اقتدار میں آکر فلسطین میں جنگ رکوا دوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ کا ویڈیو کلپ وائرل

پیر 3 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ معروف سابق مکسڈ مارشل آرٹ فائٹر خبیب نُرماگومیڈوف کو یقین دہانی کراتے نظر آرہے ہیں کہ اگر وہ انتخابات میں کامیاب ہوئے تو غزہ میں جاری جنگ رکوا دیں گے۔

امریکی ریاست نیو جرسی میں پروڈنشل سینٹر میں منعقدہ یو ایف سی ایونٹ میں شرکت کے دوران سابق روسی مکسڈ مارشل فائٹرخبیب نُرماگومیدوف نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ ’میں جانتا ہوں آپ فلسطین میں جنگ رکوا دیں گے‘، جس پر ٹرمپ نے اعتماد کے ساتھ کہا، ’ہم اسے روکیں گے، میں جنگ روک دوں گا‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں کسی نے سوال کیا کہ کیا واقعی ٹرمپ جنگ بندی کروا سکتے ہیں تو کوئی ان کے اس بیان کو سراہتا ہوا نظر آیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ مکسڈ مارشل آرٹ فائٹر خبیب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور انہوں نے اس کی یقین دہانی بھی کروائی ہے لیکن کیا واقعی غزہ میں جنگ بندی ہوجائے گی؟

خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملے کا آغاز 7 اکتوبر 2023 کو ہوا تھا۔ اور تب سے اب تک بچوں اور خواتین سمیت ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور اس وقت بھی رفح میں اسرائیلی حملے جاری ہیں جس کے بعد ’آل ائیز آن فح‘ مہم جاری ہے۔

’آل آئیز آن رفح‘ مہم کیا ہے؟

غزہ کے علاقے رفح میں پناہ گزین کیمپ پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر ’آل آئیز آن رفح‘ یعنی تمام نگاہیں رفح پر ہیں نامی مہم نے زور پکڑ لیا ہے جس میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بلاک آؤٹ مہم بھی شروع کی گئی تھی جس میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف خاموشی اختیار کرنے والی معروف شوبز شخصیات کو اَن فالو کرکے ان کا بائیکاٹ کیا گیا تھا۔

بلاک آؤٹ مہم کیا ہے؟

بلاک آؤٹ مہم کا آغاز 6 مئی کو میٹ گالا کے بعد شروع ہوا جس کا مقصد مشہور شخصیات کو انسٹاگرام، ایکس اور ٹک ٹاک جیسے آمدنی کا ذریعہ بننے والے سوشل میڈیا نیٹ ورکس سے بلاک کرنا ہے۔

اس مہم کے نتیجے میں کم کارڈیشین، ٹیلر سوئفٹ، بیونس، کائلی جینر، زینڈایا، مائلی سائرس، سیلینا گومز، آریانا گرانڈے، ڈیمی لوواٹو، کانیے ویسٹ، کیٹی پیری، زیک ایفرون، نک جونس سمیت دیگر مغربی دنیا کی مقبول شخصیات نے مختصر عرصے میں لاکھوں صارفین کھو دیے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے مگر غزہ کی موجودہ صورتحال اسرائیل کے لیے ہرگز اچھی نہیں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو پہلے سے زیادہ امریکا کی مدد کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کے حق میں سڑکوں پر ہونے والے مظاہروں میں بہت کم لوگ شرکت کرتے ہیں، کانگریس میں بھی اسرائیل اپنی طاقت کھو رہا ہے جو ناقابلِ یقین ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp