قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی محمد رضوان نے اپنی ’لو اسٹوری‘ کے بارے میں نئے انکشافات کیے ہیں اور بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی محبت کو پانے کے لیے 8 سال تک جتن کیے تھے جس کے بعد انہیں اس میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں
صحافی ارفع فیروز ذکی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وکٹ کیپر و بلے باز محمد رضوان نے اپنی لو اسٹوری سے متعلق کچھ نئے انکشافات کیے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم ایک پروگرام میں شریک ہیں۔ میزبان سوال کرتا ہے کہ آج یہاں پر ایک ایسا شخص بھی موجود ہے جس نے اپنی محبت کو پانے کے لیے 8 سال تک عبادت کی اور خدا کے حضور دعائیں مانگیں۔
میزبان نے کہا کہ محمد رضوان نے شادی شدہ لوگوں کے لیے چیزیں مشکل کر دی ہیں۔ انہوں نے محمد رضوان سے درخواست کی کہ وہ اپنی لو اسٹوری اور لو میرج کے بارے میں لوگوں کو بتائیں۔
اس اچانک سوال پر محمد رضوان حیران رہ گئے اور ہنسنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے یہ کیسا سوال پوچھ لیا، مجھے مشکل میں ڈال دیا ہے۔
’لو اسٹوری مشکل کام ہوتا ہے‘
چند لمحے گزرنے کے بعد محمد رضوان نے سوال کا جواب دیا کہ لو اسٹوری مشکل ہوتی ہے اور پٹھان کلچر میں یہ تو بہت مشکل کام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’میں اپنی فیملی میں پہلا فرد تھا جس نے یہ شروع کی، میرے بعد میرے بھائی نے بھی لو میرج کی۔‘
انہوں نے کہا کہ لو میرج کرنا بہت مشکل تھا، اس کے لیے انہیں 8 سال انتظار کرنا پڑا اور اس کے لیے اللہ سے روز دعا مانگنا پڑی۔
انہوں نے کہا، ’میرے ذہن میں تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ اللہ سے جو مانگیں وہ نہ ملے، مجھے یہ یقین تھا کہ اللہ چاہے تو آپ کو زندگی میں بہت سی چیزیں مل سکتی ہیں۔‘
Mohammad Rizwan shares his cute LOVE STORY for the very first time on camera! 🥰 pic.twitter.com/o5glhhzbGH
— Arfa Feroz Zake (@ArfaSays_) June 2, 2024
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بھی ایسا ہی تھا، لیکن اپنی لو اسٹوری کے بارے میں اس سے زیادہ نہیں بتا سکتا۔ محمد رضوان نے کہا کہ آپ کو یقین ہونا چاہیے کہ آپ کو سب کچھ ملے گا۔