پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے ابھی تک صوبائی یا وفاقی کابینہ میں شمولیت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم اس ضمن میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ بجٹ سے قبل غور کرے گی۔
مزید پڑھیں
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی سے دوبارہ رجوع کرکے کابینہ میں شمولیت سے متعلق فیصلہ کرنا ہے۔
’ہمارا یہ مسلمہ فیصلہ ہے کہ اس معاملے پر ہم سی ای سی سے رجوع کریں گے، بجٹ سے پہلے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو میٹنگ کرکے اس ضمن میں فیصلہ کریں گے۔‘
علی حیدر گیلانی کا موقف تھا کہ انہیں اپنی ذات کے لیے کوئی وزارت نہیں چاہیے۔’ہمیں عوام کے لیے پولیٹیکل اسپیس دی جائے، بے شک وزارتیں نہ دیں، ہمارے علاقہ میں عوام کے کام ہوں جہاں ہماری اکثریت ہے وہاں ہمیں بااختیار بنایا جائے۔‘
علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ تخت لاہور کے کسی وائسرائے کے تابع بناکر ہمیں چلایا نہ جائے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے فیصلہ کرنا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں کتنی وزارتیں لینی ہیں۔
’سی ای سی کا کل بھی یہی فیصلہ تھا اور ابھی تک یہی فیصلہ ہے کہ حکومت کا حصہ نہیں بننا، سی ای سی سے دوبارہ رجوع کرکے فیصلہ کرنا ہے کہ کابینہ میں شامل ہونا ہے یا نہیں۔‘