عشرت العباد کو وطن واپسی کے لیے گرین سگنل مل گیا، کیا وہ پھر گورنر سندھ کا منصب سنبھالیں گے؟

پیر 3 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد ایک بار پھر سیاست میں متحرک دکھائی دے رہے ہیں اور وہ متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ پریس بریفنگ بھی دے چکے ہیں جس میں نہ صرف ان کی وطن واپسی کا اعلان سامنے آیا بلکہ مستقبل کے پلان کا بھی اندازہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد وطن واپسی کے لیے جو ضمانت چاہ رہے تھے وہ انہیں فراہم کردی گئی ہے جس کے بعد انہوں نے وطن واپس لوٹنے کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کو ضمانت بھی دی جا چکی ہے اور اب ان کی واپسی کے لیے میدان بھی ہموار کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر عشرت العباد کس منصب پر فائز ہوں گے؟

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کامران خان ٹیسوری کی کرسی خطرے میں نظر آرہی ہے اور قوی امکان ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کو ایک بار پھر گورنر سندھ بنا دیا جائے جبکہ ان کا کردار شہری سندھ تک رہے گا اور انہیں متحرک رکھنے کا بھی امکان موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کو اس بات کا یقین دلایا جا چکا ہے کہ اگر وہ واپس آئیں گے تو گورنر سندھ بنا دیے جائیں گے یا پھر کراچی میں ان کو کوئی اور خاص منصب دیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا رد عمل

ذرائع کہتے ہیں کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے حوالے سے ایم کیو ایم، پاکستان پیپلز پارٹی یا پی ڈی ایم ایک پیج پر ہیں اور ان جماعتوں کو ڈاکٹر عشرت العباد پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ یہ جماعتیں ان کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتیں۔

کامران ٹیسوری کہاں جائیں گے؟

ذرائع نے بتایا کہ کامران خان ٹیسوری کی اسٹیبلشمنٹ میں اچھی سیٹنگ ہے لیکن اس وقت مسلئہ یہ درپیش آرہا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی انڈراسٹینڈنگ ان سے بھی بہتر ہے تو صورت حال اب تک کی واضع ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران ٹیسوری کے حوالے سے ایک شکوہ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے گورنر ہاؤس کو یتیم خانہ بنا کر رکھ دیا ہے اور گورنر ہاؤس کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی ہے۔ جبکہ ڈاکٹر عشرت العباد سے یہ امید رکھی جا رہی ہے کہ وہ گورنر ہاؤس کا ڈیکورم بحال کریں گے۔

ڈاکٹر عشرت العباد کے قریبی احباب کیا کہتے ہیں؟

ڈاکٹر عشرت العباد کے قریبی احباب اس وقت ان کی واپسی پر ناخوش ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق گورنر کے قریبی ساتھی ان کو یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ آپ باہر بیٹھ کر ہی سیاست کریں اور پاکستان واپس جانے کا فیصلہ ابھی مؤخر کردیں۔

واضح رہے کہ سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد گورنرشپ کی اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات منتقل ہو گئے تھے۔ وہ 8 سال سے دبئی میں مقیم ہیں، وہ آخری وقت سندھ کے 30 ویں گورنر بنے تھے۔ ڈاکٹرعشرت العباد سنہ 2002 میں صوبہ سندھ گورنربنے تھے اور سنہ 2016 تک اسی عہدے پر رہے۔ اس طرح وہ 14 سال تک سندھ کے گورنر کے عہدے پر فائزرہے جو کہ ایک ریکارڈ مدت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp