سپریم کورٹ نے مان لیا ہے کہ مخصوص نشستیں ہماری ہیں، بیرسٹر گوہر خان

منگل 4 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مان لیا ہے کہ مخصوص نشستیں ہماری ہیں، امید ہے کہ 25 جون کو مخصوص نشستیں ہمیں ملیں گی۔ قومی اسمبلی میں 77 مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ مخصوص نشستیں ہمیں ہی ملنی چاہییں، اور ہمیں ہی ملیں گی۔ ہماری مخصوص نشستیں کسی اور جماعت کو نہیں دی جاسکتیں، سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں نے بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر سنی اتحادی کونسل کو جوائن کیا تھا ان کے لیے کوشش کر رہے ہیں، آج کی اوبزرویشن کے مطابق ہمیں سیٹیں ملیں گی، اب یہ نہیں معلوم کہ سپریم کورٹ آئین کی تشریح اسکی روح کے مطابق کرنا چاہتی ہے یا نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل بھی پی ٹی آئی کے کارکنان کی وجہ سے جیتی ہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ انصاف مہیا کرے گی، عوام کا حق ان کو ملے گا۔ یہ سیٹیں ہماری بہنوں، اور اقلیتوں کا حق ہے۔

واضح رہے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ میں کیس جاری ہے، آج کی سماعت کے دوران سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیے، جس پر 13 رکنی لارجر بینچ نے سوالات کیے اور اہم ریمارکس دیے۔

خیال رہے کہ رواں سال ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے تھے بعد ازاں انہوں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہ کرانے کا جواز بناتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ نہیں کیں اور وہ نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دے دی تھیں، جس پر سپریم کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp