چینی ماڈل سے متعلق خدشات غلط ثابت، پاکستان چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 4 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی، تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین کے تجربات سے استفادہ کرکے برآمدات میں اضافےکا خواہاں ہے۔

چائنا میڈیا گروپ کے نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک اعلیٰ معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے پاکستان کی سائنسی و تکنیکی ترقی کو فروغ ملا ہے۔

مزید پڑھیں

انہوں نے کہاکہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبے بنائیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کی کمپنیوں کے باہمی فائدے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین کی کاروباری شخصیات کے ساتھ بات چیت کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کا خواہاں ہے، اس سلسلہ میں پہلا اقتصادی زون پاکستان اسٹیل ملز میں قائم کیا جائے گا جسے پہلے ہی ریل نیٹ ورک سے منسلک کیا جاچکا ہے اور یہ بندرگاہ کے قریب ہے۔

انہوں نے چینی صوبوں اور کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ خصوصی اقتصادی زونز قائم کریں اور باہمی فائدے کے لیے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان چین کی زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے زرعی پیداوار اور ان کی برآمدات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

دو طرفہ تعلقات کے حوالہ سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں اور ہماری دوستی لازوال ہے جبکہ ہمارے دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے مشکل ترین وقت میں چین کی طرف سے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور کہاکہ پاکستان چین کو دنیا بھر میں اپنا سب سے قابل اعتماد دوست سمجھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ون چائنا اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور یہ عزم ہمیشہ اٹل رہے گا۔

چین کی ترقی سے متعلق وزیراعظم نے کہاکہ آج چین وژن، سخت محنت اور سنجیدہ اور انتھک کاوشوں کی وجہ سے ایک عظیم قوت بن چکا ہے، چینی ماڈل کے بارے میں تمام شکوک و شبہات کو تاریخ کے شواہد نے غلط ثابت کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp