پاکستان اور سعودی عرب نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے میڈیا کی فعال شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
بدھ کے روز سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وفد کے ہمراہ سعودی ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین سعودی ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن اتھارٹی محمد بن فہد الحارثی نے ان کا استقبال کیا۔
مزید پڑھیں
پاکستانی سفیر احمد فاروق نے محمد بن فہد الحارثی سے ملاقات کی، اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ میڈیا کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران فریقین نے مشترکہ مواد کی ترقی کے مواقع پر بات چیت کی، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق نے سعودی عرب کی میڈیا میں تبدیلی کی حکمت عملی پر اپنے گہری دلچسپی اور توجہ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کی میڈیا کے درمیان فعال شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
سفیر نے سعودی میڈیا کی تعریف کی جو سعودی عرب کی وژن 2030 کے تحت تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سعودی ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن اتھارٹی محمد بن فہد الحارثی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تعریف کی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مشترکہ تعاون پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، تاکہ بہتر اور اچھا مواد تیار کیا جاسکے جو عوام کی توقعات پر پورا اترے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ تعاون سعودی عرب کی وژن 2030 کی عکاسی کرتا ہے، جو بین الاقوامی تعلقات کو تمام اہم اور ترقیاتی شعبوں میں مضبوط بنانا چاہتا ہے، جس میں میڈیا کا شعبہ بھی شامل ہے۔