نیٹ میٹرنگ یا گراس میٹرنگ؟ پاور ڈویژن کا مؤقف سامنے آگیا

بدھ 5 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق مختلف چینلز پر نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کر نے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے سے متعلق زیرگردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے پاور ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی پالیسی کے حوالے سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی اور بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کے باعث عوام کی بڑی تعداد لاکھوں روپے مالیت والے سولر سسٹم کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ بجلی کے زائد بلوں سے چھٹکارہ پایا جاسکے۔

اس ضمن میں صارفین کا موقف ہے کہ ایک ہی مرتبہ لاکھوں روپے مالیت کا سولر سسٹم لگا کر اب وہ مفت اور زیادہ بجلی استعمال کرسکیں گے۔

اس پس منظرمیں میڈیا میں اس حوالے سے خبریں رپورٹ کی گئیں کہ وفاقی حکومت نے سولر نیٹ میٹرنگ ختم کرکے ’گراس میٹرنگ‘ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گراس میٹرنگ میں یونٹ کے بدلے یونٹ کا فارمولا ختم کرنے کی تجویز زیر غور تھی، اس مبینہ اقدام سے نیٹ میٹرنگ کا فائدہ اٹھانے والے صارفین کو بھی مہنگی بجلی فراہم کی جائے گی، تاہم رپورٹس کے مطابق اس ضمن میں حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔

تاہم آج پاور ڈویژن کی جانب سے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہیں وزیراعظم کی جانب سے اس نوعیت کی کوئی ہدایت نہیں ملی ہیں۔ ’مختلف چینلز کو گمراہ کن خبر چلانے سے پہلے پاور ڈویژن کا موقف لینا چاہیے تھا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp